جس طرح دنیا میں تبدیلی آئی ہے، اسی طرح علم حاصل کرنے کے طریقے بھی بدل گئے ہیں۔ انٹرنیٹ اور جدید ٹیکنالوجی نے معلومات تک رسائی آسان بنا دی ہے، لیکن اس سہولت کے ساتھ استاد اور طالب علم کے درمیان براہِ راست رابطہ بھی کم ہوتا جا رہا ہے۔ اب بہت سے طلبہ کلاس روم میں استاد سے سیکھنے کے بجائے موبائل فون کی اسکرین پر ویڈیوز دیکھ کر تعلیم حاصل کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
ایک استاد اپنی زندگی کے کئی دہائیاں علم حاصل کرنے، پڑھانے اور تجربات سے سیکھنے میں صرف کرتا ہے۔ اس کے برعکس طلبہ بعض اوقات دس سے پندرہ منٹ کی آن لائن ویڈیو کو ایک مکمل لیکچر کا متبادل سمجھ لیتے ہیں۔ حالانکہ استاد صرف کتابی علم نہیں دیتا بلکہ اپنے تجربات، مشاہدات اور رہنمائی سے طلبہ کی شخصیت اور سوچ کی تربیت بھی کرتا ہے۔
ماضی میں استاد کو تعلیم کے ساتھ تربیت کا بھی بنیادی ذریعہ سمجھا جاتا تھا۔ والدین بچوں کو دنیا میں لاتے ہیں، جبکہ استاد انہیں زندگی گزارنے کا شعور دیتا ہے۔ اسلام میں بھی معلم کی اہمیت واضح ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’مجھے معلم بنا کر بھیجا گیا ہے۔‘‘ تاریخ میں کئی فلسفیوں، مفکروں اور علما نے علم حاصل کرنے کے لیے طویل سفر کیے اور اساتذہ کی صحبت سے فائدہ اٹھایا۔

روایتی تعلیم میں طلبہ اسکولوں، کالجوں اور جامعات میں کلاسیں لیتے ہیں، سوالات کرتے ہیں، بحث و مباحثے میں حصہ لیتے ہیں اور اساتذہ سے براہِ راست رہنمائی حاصل کرتے ہیں ۔
استاد کسی موضوع کی وضاحت کے ساتھ اپنی زندگی کے تجربات بھی طلبہ کے ساتھ بانٹتا ہے ۔ اس عمل سے نہ صرف سبق سمجھنے میں مدد ملتی ہے بلکہ تحقیق، مطالعے اور غور و فکر کی عادت بھی پیدا ہوتی ہیں ۔
مجھے آج بھی یونیورسٹی میں بین الاقوامی تعلقات کے ایک استاد کا واقعہ یاد ہے۔ ایک مرتبہ مجھے ان کا لیکچر سمجھنے میں دشواری پیش آئی تو میں اپنی چند ساتھی طالبات کے ساتھ ان کے پاس گئی۔ انہوں نے ہمیں ڈانٹنے کے بجائے اپنی زندگی کا تجربہ بیان کیا اور بتایا کہ وہ کس طرح اس مقام تک پہنچے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر کامیابی کے پیچھے مسلسل جدوجہد ہوتی ہے، ہر کسی کو یکساں تعاون اور سہولتیں نہیں ملتیں اور بہت سے لوگوں کو اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے خود کوشش کرنا پڑتی ہے۔
اس ملاقات میں مجھے لیکچر کی سمجھ تو آئی ہی، لیکن اس سے بڑھ کر یہ سیکھنے کو ملا کہ مشکلات کے باوجود آگے کیسے بڑھا جاتا ہے۔ جب بھی مایوسی کا سامنا ہوا، ان کی باتوں نے حوصلہ دیا۔ یہ رہنمائی کسی ویڈیو سے حاصل کرنا ممکن نہیں تھا، کیونکہ استاد نے میرے حالات کو سمجھتے ہوئے اپنے تجربے کی روشنی میں بات کی تھی۔

کورونا وائرس کی وبا کے دوران تعلیمی ادارے بند ہوئے تو آن لائن تعلیم کو فروغ ملا۔ کلاسیں، اسائنمنٹس اور لیکچرز موبائل اور کمپیوٹر کی اسکرینوں تک محدود ہوگئے۔ اس تبدیلی نے تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے میں مدد دی، تاہم اس کے بعد بھی آن لائن مواد پر بڑھتا ہوا انحصار ایک اہم سوال بن کر سامنے آیا ہے کہ کیا ویڈیوز اور ڈیجیٹل ذرائع استاد کی براہِ راست تدریس اور تربیت کا مکمل متبادل بن سکتے ہیں؟
انٹرنیٹ بلاشبہ علم کا وسیع ذریعہ ہے۔ اس کے ذریعے دنیا بھر کی معلومات، تحقیقی مواد اور تعلیمی لیکچرز تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔ لیکن معلومات حاصل کرنا اور انہیں سمجھ کر اپنی زندگی میں استعمال کرنا دو مختلف مراحل ہیں۔ ایک گھنٹے کے لیکچر کو تیز رفتاری سے دس منٹ میں دیکھ لینے سے اس کی مکمل سمجھ اور استاد کی وضاحت کا متبادل حاصل نہیں ہوتا۔
کلاس روم میں استاد طلبہ کے سوالات سنتا، ان کی مشکلات سمجھتا اور ضرورت کے مطابق وضاحت کرتا ہے۔ اس کے برعکس ریکارڈ شدہ ویڈیو ہر طالب علم کی انفرادی مشکل کا جواب نہیں دے سکتی۔ اسی طرح کلاس میں ہونے والی گفتگو، سوال و جواب اور بحث و مباحثہ طلبہ میں تنقیدی سوچ اور تحقیق کی صلاحیت پیدا کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

آج مصنوعی ذہانت اور چیٹ جی پی ٹی جیسے ذرائع نے بھی معلومات حاصل کرنا آسان بنا دیا ہے۔ طلبہ ان سے سوالات کے جواب اور تعلیمی رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں، لیکن ان ذرائع کو استاد کی جگہ نہیں دی جاسکتی۔ ٹیکنالوجی تعلیم میں معاون ضرور بن سکتی ہے، مگر انسانی تجربے، تربیت اور براہِ راست رہنمائی کی اہمیت اپنی جگہ برقرار ہے۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے استاد اور کتاب سے تعلق بھی برقرار رکھا جائے۔ آن لائن تعلیم معلومات تک رسائی کا ذریعہ ہے، لیکن سیکھنے کا اصل مقصد صرف معلومات جمع کرنا نہیں بلکہ سمجھ بوجھ، تحقیق، غور و فکر اور عملی تربیت حاصل کرنا بھی ہے۔
