سابق وزیراعظم اور بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے صاحبزادے قاسم خان نے پاکستانی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اڈیالہ جیل کے قریب مارچ یا احتجاج کرنے کی کوشش نہ کریں۔

 

قاسم خان نے ایکس پر جاری اپنی پوسٹ میں کہا کہ انہیں اپنے ذرائع سے اطلاعات ملی ہیں کہ اڈیالہ جیل کے قریب ہونے والے کسی بھی اجتماع کو جیل پر ممکنہ ’جوابی کارروائی‘ کے لیے جواز بنایا جاسکتا ہے، جہاں ان کے والد زیرِ حراست ہیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ایسی صورتحال میں عمران خان کی زندگی کو شدید خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا میں بطخوں کے شکار کا سیزن شروع، مگر کن علاقوں میں پابندی ہوگی؟

 

انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ احتیاط اور تحمل سے کام لیں اور کسی کو ایسا جواز یا موقع فراہم نہ کریں جس کے نتیجے میں کوئی ایسا واقعہ پیش آئے جو ان کے والد کی جان کے لیے خطرہ بن جائے۔

 

قاسم خان اس سے قبل بھی مختلف بین الاقوامی میڈیا اداروں کو دیے گئے انٹرویوز میں اپنے والد کی صحت سے متعلق خدشات اور تحفظات کا اظہار کرچکے ہیں۔ دوسری جانب حکومت کا مؤقف ہے کہ سابق وزیراعظم کو علاج کی تمام ضروری سہولیات میسر ہیں اور ان کا باقاعدگی سے طبی معائنہ بھی کیا جاتا ہے۔

 

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عمران خان کی رہائی اور دیگر مطالبات کے حق میں 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ مارچ کے پیش نظر پنجاب کے مختلف علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے جبکہ اسلام آباد سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں رینجرز بھی تعینات کردی گئی ہے۔

 

لانگ مارچ سے قبل عمران خان کی تینوں بہنوں سمیت پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کو بھی حراست میں لیا جاچکا ہے۔