پشاور کے علاقے بڈھ بیر شیخان میں قبروں سے مردہ بچیوں کی لاشیں نکال کر ان کے ساتھ زیادتی کرنے کا انکشاف ہوا ہے، پولیس نے پانچویں واردات کے دوران 19 سالہ ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ایس پی صدر فدا حسین نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار ملزم کی شناخت سلمان ولد افغان کے نام سے ہوئی ہے، جو افغانستان کا رہائشی اور اس وقت باڑہ قدیم میں مقیم ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم اب تک چار مردہ بچیوں کی لاشیں قبروں سے نکال کر ان کے ساتھ زیادتی کرچکا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: سکیورٹی فورسز کی خیبر پختونخوا اور پاک افغان سرحدی علاقے میں کارروائیاں، فتنۃ الخوارج کے 37 دہشتگرد ہلاک
ایس پی صدر کے مطابق ملزم قبروں سے بچیوں کی لاشیں نکالتا، انہیں صاف کرکے کپڑے پہناتا اور اس کے بعد زیادتی کرتا تھا۔ پانچویں واردات کے دوران قبرستان کے چوکیدار نے اسے پکڑ لیا، جس کے بعد مقامی لوگوں کی مدد سے پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
فدا حسین نے بتایا کہ پولیس کو ملزم کے بارے میں صبح اطلاع ملی تھی۔ گرفتار ملزم کافی عرصے سے قبروں سے بچوں کی لاشیں نکالنے کی وارداتیں کر رہا تھا، جبکہ پولیس نے ان مقامات کی تفصیلات بھی حاصل کرلی ہیں جہاں وہ مبینہ طور پر وارداتیں کرتا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم کی عمر 19 سال ہے اور وہ بارہویں جماعت تک تعلیم حاصل کرچکا ہے۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
