خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں کے دوران 10 خوارج ہلاک ہوگئے جبکہ پاک فوج کے 6 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 15 سے 17 ستمبر کے دوران خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان مختلف جھڑپیں ہوئیں۔
شمالی وزیرستان میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنتہ الخوارج کے 6 خوارج ہلاک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیے:اضافے کے بعد سونے کی قیمت میں کمی، آج فی تولہ کتنے روپے کم ہوا؟
ضلع ہنگو میں بھی سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی، جس کے دوران مزید 4 خوارج ہلاک ہوگئے۔
بیان کے مطابق 17 ستمبر کو سکیورٹی فورسز کے قافلے کو بارودی سرنگ کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 6 جوان شہید ہوگئے۔
کارروائیوں کے دوران ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا جبکہ یہ خوارج علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں سرگرم تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید ممکنہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ جوانوں کی قربانیاں ملک کے تحفظ اور سلامتی کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
