خیبرپختونخوا کے ڈگری کالجز میں طلبہ کی حاضری کو ڈیجیٹل بنانے کے لیے سٹوڈنٹس ای اٹنڈنس سسٹم متعارف کرا دیا گیا ہے، جس کے تحت والدین گھر بیٹھے اپنے بچوں کی حاضری مانیٹر کر سکیں گے۔
اس نظام کے ذریعے والدین کو طلبہ کی حاضری سے متعلق ایس ایم ایس کے ذریعے آگاہ رکھا جائے گا جبکہ انہیں یہ بھی معلوم ہوسکے گا کہ طالبعلم کس کلاس میں غیر حاضر رہا۔
صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم و بلدیات مینا خان آفریدی نے گورنمنٹ ڈگری کالج پشاور میں سٹوڈنٹس ای اٹنڈنس سسٹم کا افتتاح کیا۔ تقریب میں زونگ ٹیلی کام کمپنی کے نمائندگان، سیکرٹری اعلیٰ تعلیم، ڈائریکٹر اعلیٰ تعلیم، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیے: پشاور: چوک یادگار میں حوالہ ہنڈی کے خلاف ایف آئی اے کی کارروائی، ایک کروڑ سے زائد رقم برآمد
اس موقع پر محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا اور زونگ ٹیلی کام کے درمیان سٹوڈنٹس ای اٹنڈنس سسٹم کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر مینا خان آفریدی نے کہا کہ نئے نظام کے تحت طلبہ کی حاضری کا تمام ریکارڈ والدین کے سامنے ہوگا اور انہیں معلوم ہوسکے گا کہ ان کا بچہ کس کلاس میں غیر حاضر رہا۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ اعلیٰ تعلیم میں ای ٹرانسفر سسٹم بھی متعارف کرایا گیا ہے جبکہ صوبے میں جامعات کے لیے رینکنگ نظام بھی لایا گیا ہے۔
مینا خان آفریدی کے مطابق دور دراز علاقوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کے لیے ہارڈ ایریا الاؤنس شروع کیا جا رہا ہے۔
صوبائی وزیر نے گورنمنٹ ڈگری کالج پشاور میں اسٹیٹ آف دی آرٹ ہال تعمیر کرنے کا بھی اعلان کیا۔
