ہری پور کے علاقے سرائے صالح کے قریب ٹرک اور کار کے تصادم میں چار نوجوان جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔

 

 حادثے کا شکار ہونے والے نوجوان ایبٹ آباد میں شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس جا رہے تھے۔

 

تفصیلات کے مطابق کار میں سوار چار دوست شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد ہری پور واپس آ رہے تھے کہ سرائے صالح کے قریب ان کی گاڑی ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے نتیجے میں چار نوجوان جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے۔

 

یہ بھی پڑھیے: بیماری کے باوجود ڈاکٹر سے رجوع کرنے میں تاخیر کیوں ہوتی ہے؟

 

جاں بحق نوجوانوں کی شناخت 23 سالہ عمر مہتاب، 28 سالہ شامیر جاوید، 19 سالہ سیف الرحمان اور 25 سالہ احسن شاہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ چاروں نوجوانوں کا تعلق ہری پور کے محلہ درویش، کھجوراں والے سے تھا۔

 

حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائیوں کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو ہری پور ٹراما سینٹر منتقل کردیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔

 

ایک ہی محلے کے چار نوجوانوں کی ہلاکت پر علاقے میں سوگ کی فضا ہے۔