خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے مزید 51 کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد صوبے میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 ہزار 856 ہو گئی ہے۔

 

محکمہ صحت کی تازہ رپورٹ کے مطابق صوبے میں اس وقت ڈینگی کے 199 فعال کیسز ہیں، جبکہ اب تک 4 ہزار 656 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

 

یہ بھی پڑھیے: صائم ایوب کی ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی درخواست منظور، ان کی جگہ قومی اسکواڈ میں کون شامل ہوا؟

 

 گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی، تاہم صوبے میں اب تک اس مرض سے ایک ہلاکت ریکارڈ کی گئی ہے۔

 

رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں ڈینگی سے سب سے زیادہ متاثرہ ضلع کوہاٹ ہے، جہاں کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 822 ہو گئی ہے، جبکہ وہاں اس وقت 132 فعال کیسز موجود ہیں۔

 

صوبائی دارالحکومت پشاور میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 611 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ ضلع خیبر میں اب تک 430 اور بنوں میں 192 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔