پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اوپننگ بیٹر صائم ایوب کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں قومی اسکواڈ سے ریلیز کر دیا ہے، جبکہ ان کی جگہ صاحبزادہ فرحان کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔

 

پی سی بی کے مطابق صائم ایوب نے اپنی بیٹنگ بہتر بنانے کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ میں مزید کام کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی نے باہمی مشاورت کے بعد ان کی درخواست منظور کر لی۔

 

کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ صائم ا۔یوب کی موجودہ فارم کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے فیصلے کو سراہا گیا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: مری: گاڑی کھائی میں گرنے سے ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق

 

دوسری جانب پی سی بی نے صاحبزادہ فرحان کو قومی اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے، اور وہ جلد ٹیم کو جوائن کریں گے۔

 

ذرائع کے مطابق صاحبزادہ فرحان اس وقت نیپال پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے کھٹمنڈو میں موجود ہیں، جہاں سے انہیں قومی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے واپس بلایا گیا ہے۔ وہ پہلی دستیاب پرواز کے ذریعے پاکستان روانہ ہوں گے۔

 

واضح رہے کہ مسلسل تین میچز جیت کر سہ ملکی سیریز کے فائنل میں جگہ بنانے والی پاکستانی ٹیم منگل، 27 اکتوبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف اپنا پانچواں میچ کھیلے گی۔