کامران اللہ
پشاور کے چوک یادگار میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے کمپوزٹ سرکل پشاور نے غیر قانونی حوالہ ہنڈی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک کروڑ 84 لاکھ روپے سے زائد پاکستانی کرنسی برآمد کرلی، جبکہ ایک شخص کو حراست میں لے کر موبائل فون اور حوالہ ہنڈی کے کاروبار سے متعلق اہم دستاویزات بھی قبضے میں لے لی گئیں۔
ایف آئی اے کے مطابق کارروائی چوک یادگار میں کی گئی، جہاں ایک شخص کے خلاف مبینہ طور پر غیر قانونی حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث ہونے کے شبے میں کارروائی کی گئی۔ کارروائی کے دوران اس کے قبضے سے مجموعی طور پر ایک کروڑ 84 لاکھ روپے (18,400,000 روپے) پاکستانی کرنسی برآمد ہوئی، جسے ایف آئی اے نے تحویل میں لے لیا۔
یہ بھی پڑھیے: صحت کارڈ پلس میں بڑی تبدیلیوں کی تیاری، کن سرکاری مراکز صحت کو شامل کرنے کی تجویز؟
حکام کے مطابق نقد رقم کے علاوہ موبائل فون اور حوالہ ہنڈی کے کاروبار سے متعلق اہم دستاویزات بھی قبضے میں لی گئی ہیں۔ موبائل فون اور دستاویزات کو تحقیقات کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ رقم کی ترسیل، ممکنہ لین دین اور مبینہ غیر قانونی مالی سرگرمیوں سے متعلق مزید شواہد حاصل کیے جا سکیں۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ رقم اور دیگر شواہد کی بنیاد پر معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ تحقیقات کے دوران غیر قانونی حوالہ ہنڈی کے ممکنہ نیٹ ورک سے متعلق معلومات بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔
حکام کے مطابق اگر تفتیش کے دوران مزید افراد کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے تو ان کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ غیر قانونی حوالہ ہنڈی اور بیرونِ ملک رقوم کی غیر قانونی منتقلی سمیت دیگر غیر قانونی مالی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ زیرِ حراست شخص کی حتمی ذمہ داری کا تعین تفتیش اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہوگا۔
