اسٹیٹ بینک نے آئندہ نئے کرنسی نوٹ جاری ہونے کے بعد 10 روپے کا نوٹ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی جگہ 10 روپے کا سکہ جاری کیا جائے گا۔ یہ بات ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عنایت حسین نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں بتائی۔
انہوں نے بتایا کہ 10 روپے کے نوٹ کی تیاری کی لاگت میں اضافہ ہوگیا ہے، جس کے باعث اس کی جگہ سکہ جاری کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ تاہم موجودہ 10 روپے کے نوٹ فوری طور پر ختم نہیں ہوں گے بلکہ نئے کرنسی نوٹ جاری ہونے کے بعد یہ تبدیلی عمل میں آئے گی۔
یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا میں ریلوے کا نیا منصوبہ، کون کون سے شہر آپس میں جڑیں گے؟
اجلاس کو بتایا گیا کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے تیار کیے گئے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کو وزیر خزانہ کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے مسترد کردیا ہے۔
ڈاکٹر عنایت حسین کے مطابق کمیٹی کی تجاویز کی روشنی میں نئے نوٹوں کے ڈیزائن اور دیگر خصوصیات میں تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ نئے نوٹوں میں جعلی کرنسی کی روک تھام کے لیے مزید سیکیورٹی فیچرز بھی شامل کیے جائیں گے، تاہم جعلی نوٹوں کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں ہوگا۔
حکام کے مطابق اس وقت ایک ہزار اور 5 ہزار روپے کے جعلی نوٹ زیادہ گردش میں ہیں۔
کمیٹی کے چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے بتایا کہ بینکوں اور اے ٹی ایمز سے بھی جعلی کرنسی نکلنے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ جعلی نوٹوں میں اضافے کے باعث بعض دکاندار ایک ہزار اور 5 ہزار روپے کے نوٹ قبول کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ رواں سال فروری میں اسٹیٹ بینک نے سینیٹ کمیٹی کو 10 روپے سے 5 ہزار روپے تک کے تمام کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن تیار کرنے اور ان میں جدید سیکیورٹی فیچرز شامل کرنے کے منصوبے سے آگاہ کیا تھا۔
