صوابی کے علاقے چھوٹا لاہور میں پولیس نے 15 سالہ لڑکی سے مبینہ طور پر نکاح کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 70 سالہ شخص کو گرفتار کرلیا۔

 

پولیس کے مطابق اطلاع ملنے پر ایس ایچ او تھانہ چھوٹا لاہور سیف اللہ خان نے لیڈی کانسٹیبل سمیت پولیس نفری کو موقع پر روانہ کیا، جہاں پہنچ کر معلوم ہوا کہ 70 سالہ شخص کم عمر لڑکی سے نکاح کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

 

پولیس حکام کے مطابق لڑکی کی عمر 15 سال ہے اور وہ بولنے اور سننے سے قاصر ہے۔ پولیس نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے نکاح کی مبینہ کوشش ناکام بنادی اور 70 سالہ شخص کو گرفتار کرلیا۔

 

یہ بھی پڑھیے: ہری پور میں لاپتہ ہونے والی 5 سالہ آیت نور کی لاش کنویں سے برآمد

 

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم مبینہ طور پر لڑکی کے والدین کی ملی بھگت سے اس سے نکاح کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

 

پولیس نے گرفتار شخص کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے، جبکہ واقعے میں مبینہ طور پر ملوث دیگر افراد کے کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

 

پولیس حکام کے مطابق کم عمر بچوں کے حقوق اور تحفظ سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

 

یاد رہے کہ کچھ روز قبل پشاور کے علاقے پھندو میں کمسن لڑکی کی شادی کی اطلاع پر ڈائریکٹوریٹ آف ہیومن رائٹس، چائلڈ پروٹیکشن کمیشن اور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 13 یا 14 سالہ لڑکی کو حفاظتی تحویل میں لے لیا تھا۔