ٹیکسلا میں ٹک ٹاکر شمسو بی بی عرف عائشہ گیلامنہ کے قتل کیس میں پولیس نے 2 مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ مزید 20 افراد کو شامل تفتیش کرلیا گیا ہے۔

 

پولیس کے مطابق مقدمے میں نامزد ملزم کاشف کو پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے، جبکہ قتل کے دیگر ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: استاد کے الفاظ بچے کی خود اعتمادی کو کہاں تک متاثر کر سکتے ہیں؟

 

عائشہ گیلامنہ کو 14 اگست کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ کے موبائل فون پر کاشف نامی شخص کی کال آئی، جس کے بعد وہ اپنے بھائی اور بہن کے ہمراہ گھر سے باہر گئی۔

 

ایف آئی آر کے مطابق موٹرسائیکل پر سوار افراد نے گاڑی پر فائرنگ کی، جس سے عائشہ کی گردن پر گولی لگی۔ فائرنگ کے بعد گاڑی بے قابو ہوکر ڈمپر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں مقتولہ کا بھائی اور دوسری بہن بھی زخمی ہوگئے۔

 

مقتولہ کے والد کے مطابق وہ اطلاع ملنے پر ٹی ایچ کیو اسپتال ٹیکسلا پہنچے، جہاں انہوں نے بیٹی کی لاش کی شناخت کی، جبکہ ان کا بیٹا اور دوسری بیٹی زخمی حالت میں اسپتال میں موجود تھے۔

 

عائشہ گیلامنہ کے والد کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ تھانہ ٹیکسلا میں درج کیا گیا تھا، جس میں قتل، اقدام قتل اور اعانتِ جرم کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔