حال ہی میں کراچی میں عمارت گرنے کے واقعے کے بعد خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں خستہ حال، خطرناک اور کثیرالمنزلہ عمارتوں کی نگرانی اور جامع معائنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے اس حوالے سے پلاننگ افسران اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے خطرناک عمارتوں کی جانچ اور تعمیراتی قواعد پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

 

اتھارٹی کے مطابق منظور شدہ نقشے کے بغیر تعمیر ہونے والی عمارتیں عوامی تحفظ کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہیں، اس لیے خستہ حال اور کثیرالمنزلہ عمارتوں کا جامع معائنہ کیا جائے گا اور تعمیراتی ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔

 

ہدایت کے مطابق قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے عمارتوں کے مالکان کو نوٹس جاری کیے جائیں گے اور غیر قانونی تعمیرات روک دی جائیں گی۔ خلاف ورزی برقرار رہنے کی صورت میں عمارت سیل کرنے، خالی کرانے یا گرانے کی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔