خیبرپختونخو اکے ضلع سوات کے علاقے بنڑ میں پولیس نے شادی کا جھانسہ دے کر لڑکی کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے اور قتل کی دھمکیاں دینے کے الزام میں نامزد ملزم کو گرفتار کرلیا۔
سوات پولیس کے مطابق مسماۃ (ح) نے گزشتہ روز تھانہ بنڑ میں محمد الیاس ولد محمد عثمان، سکنہ میاں گانو چم، کے خلاف رپورٹ درج کرائی تھی۔
مدعیہ نے الزام عائد کیا کہ ملزم نے شادی کا جھانسہ دے کر اہل خانہ سے ملوانے کے بہانے اسے گاڑی میں بٹھایا اور میاں گانو چم، سیدو شریف میں واقع ایک خالی مکان میں لے گیا، جہاں مبینہ طور پر اسے نشہ آور مشروب پلا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ مدعیہ کے مطابق ملزم نے واقعے کے بارے میں کسی کو بتانے کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔
پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سوات محمد عمر خان کے نوٹس پر ایس ڈی پی او سٹی کلیم اللہ کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ بنڑ شیر عالم نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کی اور نامزد ملزم کو گرفتار کرلیا۔
