پشاور میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے یورپ کے وزٹ ویزے کے نام پر مبینہ دھوکہ دہی کا شکار شہری کو 19 لاکھ 76 ہزار روپے واپس دلوا دیے۔

 

ایف آئی اے کے مطابق عثمان جاوید نے مبینہ ایجنٹ ثاقب ذیشان کے خلاف یورپ کے وزٹ ویزے کے نام پر رقم ہتھیانے کی شکایت درج کرائی تھی۔

 

شکایت کی تصدیق کے بعد انکوائری نمبر 654/26 انسپکٹر تبسم خلیل کے سپرد کی گئی۔ دورانِ انکوائری مبینہ ایجنٹ کو نوٹس جاری کیے گئے، جس پر اس نے اپنا بیان ریکارڈ کرایا اور شکایت کنندہ کو رقم واپس کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔

 

ایف آئی اے کی کوششوں سے مبینہ ایجنٹ سے 19 لاکھ 76 ہزار روپے وصول کرکے شکایت کنندہ کو واپس دلوا دیے گئے۔

 

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ادارہ بیرونِ ملک روزگار اور ویزوں کے نام پر دھوکہ دہی سے شہریوں کو بچانے اور متاثرین کی شکایات کے ازالے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔