نازیہ محمد
شادی ہر گھر میں خوشی اور مسرت کا موقع ہوتی ہے۔ اہلِ خانہ کی کوشش ہوتی ہے کہ یہ تقریب یادگار بنے اور مہمان بھی خوشی سے شریک ہوں۔ اس موقع پر مختلف رسمیں ادا کی جاتی ہیں، جن میں پیسے ہوا میں اچھالنے کی رسم بھی شامل ہے، جو وقت کے ساتھ عام ہوتی جا رہی ہے۔ اسے خوشی اور محبت کے اظہار سے جوڑا جاتا ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ کیا واقعی یہ خوشی کا اظہار ہے یا محض دکھاوے کا ایک طریقہ؟
شادیوں میں بعض لوگ پیسے رقص کرنے والوں، دلہا یا دلہن پر نچھاور کرتے ہیں۔ بظاہر یہ خوشی کا اظہار ہوتا ہے، لیکن کئی مرتبہ اس کے پیچھے دوسروں سے بڑھ کر دکھائی دینے کی خواہش بھی ہوتی ہے۔ بعض لوگ یہ سوچ کر زیادہ پیسے خرچ کرتے ہیں کہ اگر انہوں نے ایسا نہ کیا تو لوگ کیا کہیں گے۔ یہی سوچ غیر ضروری مقابلے کو جنم دیتی ہے۔ اب تو اس عمل کی ویڈیوز بھی بنائی جاتی ہیں تاکہ سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کی جا سکے، اور بعض لوگوں کے لیے یہی تشہیر خوشی کا باعث بن جاتی ہے۔

تاہم، اس رسم کا ایک پہلو ان لوگوں کی دل آزاری بھی ہے جو اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔ وہ ایک ایک روپیہ سوچ سمجھ کر خرچ کرتے ہیں، لیکن جب ان کے سامنے پیسوں کو محض نمائش کے لیے ہوا میں اچھالا جاتا ہے تو انہیں معاشی محرومی کا احساس مزید شدت سے ہوتا ہے۔ کئی خاندان اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے قرض لینے پر مجبور ہوتے ہیں اور اس کی ادائیگی کی فکر میں رہتے ہیں۔ ایسے میں ان کے ذہن میں یہ سوال پیدا ہونا فطری ہے کہ یہی رقم کسی ضرورت مند کی مدد کے لیے کیوں خرچ نہیں کی جاتی؟

شادیوں میں خوشی کے اظہار کے لیے خشک میوہ جات نچھاور کرنے کی روایت بھی موجود ہے۔ یہ نسبتاً سادہ رسم ہے، جس میں بچوں اور بڑوں کو خشک میوہ جات تقسیم کیے جاتے ہیں۔ اسے محبت، خوشی اور برکت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ اس طرح خوشی میں سب شریک ہوتے ہیں، جبکہ پیسوں کی طرح رقم کے ضیاع یا اس کی بے حرمتی کا معاملہ بھی پیش نہیں آتا۔
پیسوں کو ہوا میں اچھالنے کا ایک منفی پہلو ان کی بے حرمتی بھی ہے۔ اکثر نوٹ زمین پر گر کر لوگوں کے پیروں تلے آ جاتے ہیں، حالانکہ یہی رقم کسی ضرورت مند کے لیے دوا، کسی بیوہ کے گھر کا راشن، یتیم بچے کے اخراجات یا کسی غریب طالب علم کی تعلیمی فیس بن سکتی ہے۔ اگر یہ رقم کسی مستحق شخص کو دے دی جائے تو اس کی کئی مشکلات کم ہو سکتی ہیں۔ چند لمحوں کے دکھاوے کے بجائے کسی ضرورت مند کی مدد ایک دیرپا خوشی اور اطمینان کا ذریعہ بن سکتی ہے۔

اس رسم کے باعث شادی کی تقریبات میں بدنظمی بھی پیدا ہوتی ہے۔ پیسے جمع کرنے کے لیے لوگوں کا ہجوم لگ جاتا ہے، دھکم پیل شروع ہو جاتی ہے اور بعض اوقات معمولی بات لڑائی تک پہنچ جاتی ہے۔ بچے بھی پیسے اٹھانے کے لیے ایک دوسرے سے الجھ پڑتے ہیں، جس سے بڑوں کے درمیان بھی تلخی پیدا ہو سکتی ہے۔ اس طرح خوشی کا موقع غیر ضروری تنازع کا سبب بن جاتا ہے۔ بچوں کو پیسے کی قدر اور دوسروں کا خیال رکھنے کی تربیت دینے کے بجائے ایسی سرگرمیوں سے غلط تاثر بھی مل سکتا ہے۔
اگر کوئی شخص شادی کے موقع پر رقم خرچ کرنا چاہتا ہے تو اسے ہوا میں اچھالنے کے بجائے کسی ضرورت مند کو صدقے کے طور پر دے سکتا ہے یا دلہا دلہن کے لیے کوئی ایسا تحفہ خرید سکتا ہے جو ان کے مستقبل میں کام آئے۔ اس طرح رقم کا بہتر استعمال بھی ہوگا اور خوشی کے موقع پر کسی کے لیے آسانی بھی پیدا ہوگی۔

شادی بیاہ کی تقریبات کا اصل مقصد مہمان نوازی، محبت بانٹنا اور ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہونا ہے، نہ کہ دولت کی نمائش اور دوسروں سے مقابلہ کرنا۔ اصل عزت اس بات میں نہیں کہ کسی نے کتنے پیسے نچھاور کیے، بلکہ اس میں ہے کہ اس نے دلہا دلہن کو کتنی دعائیں دیں اور اپنے اردگرد موجود ضرورت مندوں کا کتنا خیال رکھا۔
ہمیں سنجیدگی سے سوچنے کی ضرورت ہے کہ رسم و رواج کے نام پر ہم نے کن غیر ضروری کاموں کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیا ہے۔ اپنی ثقافت اور روایات سے محبت ضروری ہے، لیکن ان میں انسانیت، احترام، محبت اور دوسروں کا خیال رکھنے جیسے اقدار کو بھی اہمیت دینی چاہیے۔ ثقافت کا حسن دکھاوے میں نہیں بلکہ ان روایات میں ہے جو لوگوں کو قریب لائیں۔
اسلام بھی فضول خرچی اور اسراف سے منع کرتا ہے اور نیت میں اخلاص کی تعلیم دیتا ہے۔ اس لیے شادیوں اور دیگر تقریبات میں پیسوں کی نمائش اور بے جا خرچ سے گریز کرتے ہوئے انہیں ایسے فلاحی کاموں پر صرف کرنا چاہیے جن سے کسی ضرورت مند کی زندگی میں آسانی پیدا ہو۔ آخرکار خوشی کا اصل معیار پیسوں کی نمائش نہیں بلکہ دوسروں کے لیے خوشی اور آسانی پیدا کرنا ہے۔
