پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کا آفیشل ٹریلر 24 نومبر کو جاری کیا گیا تھا، جس کے بعد شائقین سوشل میڈیا پر تبصرے کرتے ہوئے سیریز اور اداکاروں کی تعریف کر رہے ہیں۔

 

ٹریلر میں ماہرہ خان، فواد خان اور احد رضا میر سمیت معروف اداکار نظر آئے۔ مداح ماہرہ خان کی اداکاری اور احد رضا میر کے کردار سکندر کو  پسند کر رہے ہیں۔

 

فرحت اشتیاق کے 2009 میں شائع ہونے والے ناول پر مبنی اس سیریز کی ہدایت کاری اور پروڈکشن مومنہ درید نے کی ہے۔ نیٹ فلکس کے مطابق کہانی تین نسلوں اور محبت کی چھ داستانوں پر مشتمل ہے۔

 

سیریز میں ماہرہ خان، فواد خان، احد رضا میر، صنم سعید، ہانیہ عامر، اقرا عزیز، حمزہ علی عباسی، بلال اشرف، احمد علی اکبر، مایا علی، خوشحال خان، نادیہ جمیل، عمیر رانا اور ثمینہ احمد شامل ہیں۔

 

ٹریلر جاری ہونے کے بعد بھارت میں بھی سیریز پر پابندی لگانے کے مطالبات سامنے آئے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق آل انڈیا سینی ورکرز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر بھارتی اسکرینوں اور او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر پاکستانی مواد کی نمائش روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

 

’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کا پہلا حصہ 4 دسمبر 2026 کو عالمی سطح پر نیٹ فلکس پر ریلیز ہوگا۔