پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور کے سرکاری پرائمری اسکولوں کے 10 ہزار طلبہ و طالبات کے لیے سکول میل پروگرام کا آغاز کردیا، جس کے تحت بچوں کو غذائیت سے بھرپور کھانا فراہم کیا جائے گا۔

 

گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے تعلیم و سماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ نے پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کیا اور بچوں میں اپنے ہاتھوں سے کھانا تقسیم کیا۔

 

اس سلسلے میں محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم اور اللہ والے فاؤنڈیشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ سیکرٹری تعلیم محمود اسلم وزیر اور فاؤنڈیشن کے چیئرمین شاہد لون نے معاہدے پر دستخط کیے۔

 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عامر عبداللہ کا کہنا تھا کہ بچوں کی مناسب غذائیت، اچھی صحت اور جسمانی نشوونما بہتر تعلیمی کارکردگی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ اللہ والے فاؤنڈیشن کے تعاون سے سکول میل پروگرام کا آغاز برسوں پرانی خواہش کی تکمیل ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ پروگرام کو مستقبل میں مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے اور صوبائی حکومت فاؤنڈیشن کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ سرکاری اسکولوں کے بچوں کا باڈی ماس انڈیکس (BMI) سروے بھی کرایا جائے گا تاکہ ان کی غذائی ضروریات اور جسمانی نشوونما کا جائزہ لے کر ضروری اقدامات کیے جا سکیں۔

 

مشیر تعلیم نے اللہ والے فاؤنڈیشن کو سرکاری اسکولوں کی آؤٹ سورسنگ کے آئندہ مرحلے میں بھی شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کو ان کی پسند کے کھانے فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ صحت مند رہتے ہوئے دلجمعی سے تعلیم حاصل کرسکیں۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ جن اسکولوں میں بچوں کو غذائیت کی کمی کا سامنا ہے، ان کی ضروریات کے مطابق ترقیاتی پروگرام میں منصوبے شامل کیے جائیں گے۔ سکول میل پروگرام بچوں کی صحت، غذائیت اور تعلیمی استعداد بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔