صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا میں بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے آج رات سے 23 اگست تک مختلف اضلاع میں مزید بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پیٹرول مہنگا ہونے کے بعد کون کون سی اشیائے ضروریہ مہنگی ہوگئیں؟
بالائی اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ اور کوہستان میں بھی بارش کا امکان ہے۔اسی طرح میدانی علاقوں پشاور، مردان، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ، کرم اور ہنگو میں بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بالائی اضلاع کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمے کے مطابق تیز ہواؤں اور گرج چمک کے باعث کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
ضلعی انتظامیہ کو حساس علاقوں میں پیشگی اقدامات یقینی بنانے، دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کرنے اور ممکنہ اربن فلڈنگ و لینڈ سلائیڈنگ سے نمٹنے کے لیے ریسکیو عملے اور ضروری سامان تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو بارش کے دوران دریاؤں اور ندی نالوں سے محفوظ فاصلہ رکھنے جبکہ والدین کو بچوں کو ندی نالوں، جوہڑوں اور پانی کی گزرگاہوں کے قریب نہ جانے دینے کی ہدایت کی ہے۔
گرج چمک کے دوران شہریوں کو بجلی کے کھلے تاروں اور برقی آلات سے دور رہنے جبکہ سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
