پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی پڑنے لگے ہیں، ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں مزید 0.49 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
وفاقی ادارہ شماریات کی تازہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 9.66 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جبکہ ایک ہفتے کے دوران 23 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
یہ بھی پڑھیے: سونا پھر مہنگا ہوگیا، فی تولہ قیمت کہاں جا پہنچی؟
رپورٹ کے مطابق اس دوران 10 اشیاء کی قیمتیں کم ہوئیں جبکہ 18 اشیاء کے نرخوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ اعداد و شمار کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں ایک ہفتے کے دوران 3.77 فیصد اضافہ ہوا۔
سبزیوں اور دیگر ضروری اشیاء میں بھی قیمتیں بڑھیں، پیاز 14.17 فیصد مہنگا ہوا جبکہ چکن کی قیمت میں 3.35 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ دال چنا، لہسن اور چائے سمیت دیگر اشیاء بھی مہنگی ہوئیں۔
دوسری جانب انڈوں کی قیمت میں 5.78 فیصد کمی ہوئی جبکہ ڈیزل 5.15 فیصد سستا ہوا۔ ٹماٹر کی قیمت میں 4.99 فیصد اور آلو کی قیمت میں 1.17 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ چینی، ایل پی جی اور کیلے بھی سستے ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔
