چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان کی تقدیر صرف بلوچستان کے عوام کے ہاتھ میں ہے، ریاست کے مضبوط اور فیصلہ کن ردعمل سے صوبے کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں ناکام بنائی جائیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کی اہم شخصیات اور سیاسی قیادت سے ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیے: مردان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس افسر شہید ہوگئے
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک ہے اور ہمیشہ ایک رہے گا۔ بلوچستان باصلاحیت، ثابت قدم، محب وطن اور باوقار عوام کا صوبہ ہے، جبکہ یہاں کے نوجوانوں میں صلاحیت اور آگے بڑھنے کے مواقع کی کوئی کمی نہیں۔
ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ فتنہ خوارج اور فتنۃ الہندوستان غیر ملکی سرپرستی میں بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے استعمال ہونے والے گروہ ہیں۔ ان کا مقصد بلوچستان کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنا اور ریاست و عوام کے درمیان فاصلے پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کے پروپیگنڈے کا بھرپور مقابلہ کیا جائے اور جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کیا جائے، جبکہ بلوچستان اور اس کے عوام کی حقیقی صلاحیت، ترقی اور امنگوں کو اجاگر کیا جائے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ نوجوان معاشرے کا سب سے متحرک اور امید افزا طبقہ ہیں۔ ریاست کے غیرمتزلزل اور فیصلہ کن ردعمل سے مذموم عزائم ناکام بنائے جائیں گے، جبکہ امن و استحکام سے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔
