خیبر پختونخوا کے ضلع مردان کی تحصیل تخت بھائی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پولیس چوکی خٹانو کے ایڈیشنل انچارج اے ایس آئی دوست محمد شہید ہوگئے، ملزمان واردات کے بعد فرار ہوگئے۔

 

پولیس کے مطابق اے ایس آئی دوست محمد کل ڈیوٹی سے واپس جا رہے تھے کہ سری بہلول لیبر کالونی کے قریب نامعلوم ملزمان نے انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر شہید ہوگئے۔

 

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او مردان مسعود احمد اور دیگر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر ناکہ بندی اور چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔

 

پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا ہے، جبکہ واقعے کے محرکات اور دیگر حقائق جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔

 

شہید اے ایس آئی دوست محمد کی نماز جنازہ پولیس لائنز مردان میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں ڈی آئی جی مردان ریجن قاسم علی خان، ڈپٹی کمشنر مردان واصف الرحمان، ڈی پی او مسعود احمد، پولیس افسران، اہلکاروں اور شہید کے اہل خانہ نے شرکت کی۔

 

پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید اے ایس آئی دوست محمد کو سلامی پیش کی، جبکہ افسران نے شہید کے جسد خاکی پر پھول چڑھائے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ نماز جنازہ کے بعد شہید کا جسد خاکی پولیس کی نگرانی میں آبائی گاؤں روانہ کردیا گیا۔