پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ہونے والی سہ ملکی ون ڈے سیریز کا مجوزہ شیڈول سامنے آگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تینوں ٹیموں کے درمیان سیریز 18 اکتوبر سے یکم نومبر تک کھیلے جانے کی تجویز ہے۔
مجوزہ شیڈول کے مطابق سیریز کے ابتدائی تین میچز راولپنڈی میں 18، 20 اور 22 اکتوبر کو کرانے کی تجویز ہے، جبکہ دوسرے مرحلے کے میچز لاہور میں 25، 27 اور 29 اکتوبر کو کھیلے جانے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیے: سونے کی قیمت میں بڑی کمی ہوگئی، نئی قیمت کتنی ہے؟
ذرائع کے مطابق سہ ملکی سیریز کا فائنل یکم نومبر کو لاہور میں رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ تینوں کرکٹ بورڈز کی باہمی مشاورت کے بعد شیڈول کو حتمی شکل دی جائے گی، جس کا باضابطہ اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
دورہ پاکستان کے دوران سری لنکا کو 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلنے ہیں۔ ان مقابلوں کے وینیوز اور تاریخوں کے حوالے سے سری لنکا کرکٹ کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔
دوسری جانب پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز بھی ہوچکا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ جاری ہے، جبکہ مزید دو ٹیسٹ میچز بھی کھیلے جائیں گے۔
