محکمہ وائلڈ لائف خیبرپختونخوا نے روسی کبوتروں کے شکار کی اجازت دیتے ہوئے سیزن یکم ستمبر سے 31 اکتوبر تک مقرر کردیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق شکار صرف جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو کیا جاسکے گا اور اس کے لیے اسمال گیم شوٹنگ لائسنس لازمی ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق ایک شکاری روزانہ زیادہ سے زیادہ 8 روسی کبوتر شکار کرسکے گا، جبکہ مقررہ حد سے زائد شکار پر فی کبوتر 5 ہزار روپے معاوضہ عائد کیا جائے گا۔ زندہ روسی کبوتر اور ٹرافی کی مالیت بھی 5 ہزار روپے فی پرندہ مقرر کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: امریکا کو ایران پر حملوں کے لیے سرزمین دینے والے ممالک کو بھاری قیمت چکانا ہوگی، ایرانی فوج
روسی کبوتروں کے شکار کی اجازت پورے صوبے میں ہوگی، تاہم سورج طلوع ہونے سے پہلے اور غروب آفتاب کے بعد شکار ممنوع ہوگا۔ بغیر لائسنس یا مقررہ دنوں کے علاوہ شکار کرنے پر کارروائی کی جائے گی۔
محکمہ وائلڈ لائف روسی کبوتروں کی آبادی کی مسلسل نگرانی کرے گا اور پرندوں کی تعداد میں کمی کی صورت میں شکار فوری طور پر بند کیا جاسکے گا۔ مقررہ سیزن کے علاوہ سال کے باقی عرصے میں روسی کبوتروں کا شکار ممنوع رہے گا۔
اعلامیے میں شکار کے قواعد پر عملدرآمد کے لیے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون طلب کیا گیا ہے، جبکہ شکاریوں اور مقامی کمیونٹیز کو شکار کی پالیسی اور قواعد سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
