علی افضل
سنٹرل کرم کے علاقے مناتو میں آپریشن متاثرین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے جرگہ منعقد ہوا، جس میں جرگے کے عمائدین نے متاثرہ خاندانوں کو فوری مالی معاوضہ دینے اور دیگر مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کا مطالبہ کیا۔
عمائدین کے مطابق 1661 عارضی طور پر بے گھر افراد تمام سرکاری تصدیقی مراحل اور بائیومیٹرک مکمل ہونے کے باوجود 25 ہزار روپے کے مالی معاوضے سے محروم ہیں۔
جرگے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما خواجہ ناہید اور دیگر عمائدین نے کہا کہ مناتو اور گردونواح کے دیہات میں متاثرہ خاندان کئی ماہ سے شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، تاہم انہیں تاحال کسی قسم کی مالی امداد نہیں ملی۔
یہ بھی پڑھیے: انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز، پاکستان اسکواڈ لیڈز پہنچ گیا، پہلا ٹیسٹ کب ہوگا؟
ان کا کہنا تھا کہ لندوکی، لیل گڈا، خومرے، کامران، ناری روغ، ووٹ، ورستہ میلہ، پیر کوٹ، ظریف خان کلے اور گواکے سمیت مختلف دیہات کے رہائشی سیکیورٹی صورتحال کے باعث اپنے گھروں اور آبائی زمینوں سے نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔
مقامی باشندوں کے مطابق تمام سرکاری شرائط، تصدیقی مراحل اور ضروری ضابطے مکمل کرنے کے باوجود نقل مکانی کے کئی ماہ بعد بھی انہیں کوئی مالی امداد فراہم نہیں کی گئی۔ معاوضے میں طویل تاخیر نے متاثرہ خاندانوں کو شدید مالی مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ نقل مکانی کے دوران وہ اپنے اثاثوں اور آمدنی کے ذرائع سے محروم ہوگئے ہیں۔ خاص طور پر دیہاڑی دار طبقہ بری طرح متاثر ہوا ہے، جس کی آمدنی کے ذرائع بند ہونے کے باعث کئی خاندان رشتہ داروں اور مقامی کمیونٹی کی مدد پر انحصار کرنے پر مجبور ہیں۔
ایک بے گھر رہائشی عبداللہ نے بتایا کہ موجودہ صورتحال میں دو وقت کی روٹی کا بندوبست کرنا بھی ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے، جبکہ بہت سے والدین اپنے بچوں کی بنیادی ضروریات اور صحت کی سہولیات پوری کرنے سے قاصر ہیں۔
جرگے کے عمائدین نے مطالبہ کیا کہ معاوضے کے فنڈز فوری جاری کیے جائیں اور ادائیگی میں تاخیر کی وجوہات بھی واضح کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کا ڈیٹا اور تمام ضروری تصدیقی مراحل مکمل ہونے کے باوجود معاوضے کی عدم ادائیگی سے ان کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
جرگے کے عمائدین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات جلد پورے نہ کیے گئے تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔
جرگے کے عمائدین نے وزیر اعلیٰ، چیف سیکرٹری، کور کمانڈر پشاور، جی او سی 9 ڈویژن، ایم این اے انجینئر حمید حسین، کمانڈر 73 بریگیڈ اور ڈپٹی کمشنر فہد وزیر سے متاثرہ خاندانوں کی فوری داد رسی اور معاوضے کی ادائیگی یقینی بنانے کی اپیل کی۔
