ملک بھر میں بجلی صارفین کے لیے مہنگی ہونے کا امکان ہے، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی سی پی اے) نے بجلی کی قیمت میں 2 روپے 52 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست نیپرا میں جمع کرا دی۔
نیپرا کے مطابق سی سی پی اے نے یہ درخواست جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی ہے۔ درخواست پر سماعت 27 اگست کو ہوگی۔
درخواست منظور ہونے کی صورت میں صارفین پر جی ایس ٹی سمیت تقریباً 41 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا محکمہ ٹرانسپورٹ نے صرف ایک ماہ میں کتنی آمدن حاصل کی؟
سی سی پی اے کے مطابق جولائی میں درآمدی ایل این جی سے 10.78 فیصد بجلی پیدا کی گئی، جس پر فی یونٹ لاگت 47 روپے 37 پیسے رہی۔ ایل این جی سے مجموعی طور پر 77 ارب 19 کروڑ روپے کی بجلی پیدا کی گئی۔
جولائی میں فرنس آئل سے 1.42 فیصد بجلی پیدا ہوئی، جس کی فی یونٹ لاگت 50 روپے 7 پیسے رہی، جبکہ فرنس آئل سے 10 ارب 77 کروڑ روپے کی بجلی پیدا کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں پانی سے 39.81 فیصد، مقامی کوئلے سے 10.91 فیصد، درآمدی کوئلے سے 14.38 فیصد اور نیوکلیئر ذرائع سے 10.10 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ نیوکلیئر بجلی کی فی یونٹ فیول لاگت 3 روپے 2 پیسے رہی۔
درخواست کے مطابق ڈیزل سے بھی 3 کروڑ 10 لاکھ یونٹ بجلی پیدا کی گئی، جس کی فی یونٹ لاگت 54 روپے 47 پیسے رہی۔
