خیبرپختونخوا محکمہ ٹرانسپورٹ نے جولائی کے دوران مختلف سروسز اور فیسوں سے 19 کروڑ 16 لاکھ روپے سے زائد آمدن حاصل کی۔

 

محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق پشاور بس ٹرمینل سے جولائی میں 5 کروڑ 47 لاکھ ایک ہزار 72 روپے کی آمدن ہوئی، جبکہ ڈرائیونگ لائسنس کارڈز کی پرنٹنگ فیس سے 6 کروڑ 91 لاکھ 29 ہزار 400 روپے وصول کیے گئے۔

 

یہ بھی پڑھیے: ٹریفک حادثات سے پہلے کن خطرات کو نظرانداز کیا جاتا ہے؟

 

جولائی میں 7 ہزار 594 ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے جبکہ 6 ہزار 642 لائسنسوں کی تجدید کی گئی۔ لائسنس فیس کی مد میں 2 کروڑ 57 لاکھ 14 ہزار 350 روپے حاصل ہوئے۔

 

محکمے کے مطابق 11 ہزار 500 فٹنس سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے، جن سے تقریباً 4 کروڑ روپے آمدن ہوئی۔

 

ویہیکل ایمیشن ٹیسٹنگ اسٹیشنز پر جولائی میں 12 ہزار 830 گاڑیوں کا معائنہ کیا گیا، جن میں سے 10 ہزار 700 گاڑیاں کلیئر جبکہ 2 ہزار 130 گاڑیاں ناکام ہوئیں۔ گاڑیوں کے معائنے سے 21 لاکھ 40 ہزار روپے آمدن ہوئی۔