راولپنڈی کے علاقے ٹیکسلا بائی پاس کے قریب موٹر سائیکل سوار مبینہ ملزم کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی ٹک ٹاکر گیلامنہ (شمسو بی بی) کے قتل کیس میں جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم پر الزام ہے کہ اس نے شمسو بی بی کو گھر سے باہر بلایا تھا، جبکہ مقدمے میں نامزد مزید 2 ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیے: راولپنڈی: نامعلوم افراد کی فائرنگ، ٹک ٹاکر گیلامنہ جاں بحق
مقتولہ کے والد نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ ان کی بیٹی کو رقم کے لین دین کے معاملے پر قتل کیا گیا۔ ان کے مطابق 2 ملزمان اس سے قبل بھی شمسو بی بی کو پیسوں کے معاملے پر قتل کی دھمکیاں دے چکے تھے۔
والد کے مطابق شمسو بی بی گزشتہ 3 برس سے ٹک ٹاک پر فعال تھیں اور ان کے 13 لاکھ سے زائد فالوورز تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا میں جعلی ادویات کی فروخت پر قوانین مزید سخت کرنے کا فیصلہ
واضح رہے کہ 28 سالہ گیلامنہ اپنی 12 سالہ بہن اسمیہ کے ہمراہ کار میں راولپنڈی جا رہی تھیں کہ جی ٹی روڈ پر ٹیکسلا بائی پاس کے قریب موٹر سائیکل سوار مبینہ ملزم نے گاڑی روک کر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں گیلامنہ کی گردن پر 2 گولیاں لگیں۔ انہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔
