ملک میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 2 ہزار روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 61 ہزار 936 روپے ہوگئی۔

 

آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں 1,715 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 96 ہزار 35 روپے ہوگئی۔

 

اسی طرح چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ فی تولہ چاندی 80 روپے مہنگی ہو کر 7 ہزار 29 روپے کی ہوگئی۔

 

یہ بھی پڑھیے: ضلع خیبر کے طلبہ کے لیے میٹرک کے بعد اعلیٰ تعلیم کا سفر مشکل کیوں ہو جاتا ہے؟

 

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 20 ڈالر اضافے کے بعد 4,395 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی۔

 

گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 500 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی، تاہم نئے کاروباری روز سونے کے نرخ ایک بار پھر بڑھ گئے۔

 

ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی صورتحال، مختلف خطوں میں جاری کشیدگی، مرکزی بینکوں کی مالیاتی پالیسیوں اور امریکی ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ جیسے عوامل سونے کی قیمتوں پر براہِ راست اثر انداز ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ عالمی مارکیٹ میں ہونے والی معمولی تبدیلی بھی مقامی صرافہ بازار میں سونے کے نرخوں کو متاثر کرتی ہے۔