پشاور کے علاقے متھرا میں 30 مرلہ زمین کے تبادلے کے تنازع پر چچا نے اپنے 3 بھتیجوں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، جبکہ فائرنگ سے ایک راہگیر بھی زخمی ہوگیا۔ مقتولین کے 9 بچے یتیم ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ 23 جولائی کو متھرا کے علاقے عبدالوہاب بانڈہ پل میں پیش آیا، جہاں نثار احمد کے مطابق اس کے بھائی افتخار احمد نے اس کے بیٹے عارف احمد، اشفاق اور اسحاق کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
یہ بھی پڑھیے: نوشہرہ: افغان خواجہ سرا دیدار عرف حسینہ خاندان سمیت افغانستان بھیج دیے گئے
نثار احمد نے پولیس کو بتایا کہ افتخار احمد نے پہلے اپنے بھتیجے عارف احمد پر فائرنگ کرکے اسے زخمی کیا، جس کے بعد اشفاق اور اسحاق اپنے بھائی کے پیچھے گئے، تاہم ملزم نے راستے میں دونوں کو بھی فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

نثار احمد کے مطابق اس نے جان بچانے کے لیے رشتہ دار کے گھر داخل ہونے کی کوشش کی تو ملزم نے اس پر بھی فائرنگ کی، جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر راہگیر محبت شاہ زخمی ہوگیا۔
انہوں نے بتایا کہ اشفاق اور اسحاق موقع پر جاں بحق ہوگئے، جبکہ زخمی عارف احمد کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ 20 روز تک وینٹی لیٹر پر رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔
نثار احمد کے مطابق مقتول عارف احمد، افتخار احمد کا داماد بھی تھا۔ ان کے بقول جائیداد کی تقسیم کے معاملے پر جرگے ہوئے اور جرگہ فیصلے کی روشنی میں افتخار احمد کے ساتھ 30 مرلہ زمین کا تبادلہ کیا گیا تھا، تاہم اس کے باوجود تنازع برقرار رہا۔

نثار احمد کا کہنا ہے کہ زمین کے اسی تنازع کے نتیجے میں اس کے 3 بیٹے جان سے گئے، جبکہ ان کی ہلاکت سے 9 بچے والد سے محروم ہوگئے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ افتخار احمد کے خلاف 3 افراد کے قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت درج کرلیا ہے۔
