سید ندیم مشوانی
نوشہرہ کے علاقے پبی میں مقیم افغان خواجہ سرا دیدار عرف حسینہ خاندان سمیت افغانستان منتقل ہوگئے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق انہیں پاکستان سے افغانستان روانگی کے لیے مختلف مشکلات اور دباؤ کا سامنا تھا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق دیدار عرف حسینہ گزشتہ مارچ میں اسلام آباد سے بے دخل کیے جانے کے بعد اپنے خاندان کے ہمراہ پبی میں مقیم تھے۔
یہ بھی پڑھیے: پشاور ہائیکورٹ: 2 افغان صحافیوں کو افغانستان ڈی پورٹ کرنے سے روک دیا گیا
انہوں نے بتایا کہ دیدار عرف حسینہ کے 2 بھائیوں اور ایک ماموں کو گزشتہ ماہ پولیس نے گرفتار کرکے طورخم کے راستے افغانستان ڈی پورٹ کردیا تھا، جس کے بعد خاندان پر بھی افغانستان منتقل ہونے کے لیے دباؤ بڑھ گیا۔
خاندان والوں نے یہ بھی بتایا کہ پشاور، نوشہرہ اور سوات میں موجود خواجہ سرا برادری کے افراد نے بھی دیدار عرف حسینہ کو اپنے ہاں قیام کی جگہ فراہم کرنے سے معذرت کی، جس کے بعد خاندان نے افغانستان منتقل ہونے کا فیصلہ کیا۔
ان کے مطابق افغانستان واپسی کے بعد دیدار عرف حسینہ کو اپنی جان کے حوالے سے خدشات ہیں۔ انہوں نے کیمرے کے سامنے آنے سے بھی انکار کردیا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق افغانستان روانگی سے قبل دیدار عرف حسینہ نے اپنے بال کٹوائے، جس پر انہیں افسوس تھا اور وہ اس حوالے سے غمزدہ تھے۔
دوسری جانب خواجہ سرا برادری سے دیدار عرف حسینہ کے بارے میں رابطہ کیا گیا تو انہوں نے ان کی شناخت اور افغانستان روانگی سے متعلق معلومات دینے سے انکار کردیا۔
