لوئر کرم کے علاقے سرہ غوڑگہ میں مبینہ بارودی گولہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں 4 خواتین، ایک بچی اور ایک مرد شامل ہیں، جنہیں مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت قریبی بی ایچ یو مندوری منتقل کیا۔

 

بی ایچ یو مندوری سے حاصل معلومات کے مطابق زخمیوں میں آیاز، ان کی اہلیہ گل پریزہ، والدہ گل مینہ، بھابھی نیاز مینہ اور 2 بھتیجیاں یسرہ اور ثناء شامل ہیں۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا: محکمہ اطلاعات میں ایکریڈیشن کارڈز کی پرنٹنگ کئی ماہ سے بند، وجہ کیا ہے؟

 

قومی مشر ملک حاجی محمد کریم کے مطابق علاقے میں ریسکیو اور دیگر ایمرجنسی سروسز کی عدم موجودگی کے باعث زخمیوں کو بروقت اسپتال منتقل کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مقامی افراد نے اپنی ذاتی گاڑیوں کے ذریعے زخمیوں کو بی ایچ یو مندوری پہنچایا۔

 

بعد ازاں ٹل ریسکیو 1122 کی ایک ایمبولینس بی ایچ یو مندوری پہنچی، جہاں سے زخمی آیاز کو تشویشناک حالت میں پشاور منتقل کردیا گیا، جبکہ دیگر 5 زخمیوں کو مزید علاج کے لیے ٹریژری ہسپتال ریفر کیا گیا۔

 

ملک حاجی محمد کریم کا کہنا ہے کہ ہزاروں گھرانوں پر مشتمل دور افتادہ علاقے میں ایمرجنسی سروسز اور صحت کی سہولیات کی عدم دستیابی ایک سنگین مسئلہ ہے، جبکہ سڑکوں کی حالت بھی بہتر نہیں۔

 

مقامی افراد نے علاقے میں فوری طور پر ریسکیو 1122 کی سہولت فراہم کرنے اور ہسپتال میں نائٹ شفٹ شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔