ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل سے تعلق رکھنے والے پختون یار شینواری اور عباس شینواری نے لاہور میں منعقدہ پانچویں نیشنل ڈریم کپ کراٹے فیسٹیول میں گولڈ میڈلز جیت لیے۔

 

پاکستان فل کنٹیکٹ کراٹے فیڈریشن کے زیرِ اہتمام ڈی ایچ اے جمنیزیم لاہور میں منعقدہ کراٹے فیسٹیول میں ملک بھر سے کھلاڑیوں اور کوچز نے شرکت کی، جہاں لنڈی کوتل کے پختون یار شینواری نے 56 کلوگرام کیٹیگری جبکہ عباس شینواری نے ہیوی ویٹ کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔

 

یہ بھی پڑھیے: پشاور: شادی سے انکار پر لڑکی نے لڑکے پر تیزاب پھینک کر فائرنگ کی، مقدمہ درج

 

ضلع خیبر کی ٹیم نے ورلڈ شن کیوکشن کراٹے کے نامزد برانچ چیف اور سینئر کوچ نثار شینواری کی قیادت میں مقابلوں میں حصہ لیا۔

 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کوچ نثار شینواری نے کہا کہ نیشنل ڈریم کپ پاکستان میں فل کنٹیکٹ کراٹے کے بڑے مقابلوں میں سے ایک ہے، جس میں ملک بھر کے بہترین کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

 

انہوں نے کہا کہ پختون یار شینواری اور عباس شینواری کی کامیابی سے ضلع خیبر اور لنڈی کوتل کا نام روشن ہوا ہے۔ ان کے مطابق باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں بین الاقوامی چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کے مواقع فراہم کرنا خوش آئند ہے۔

 

نثار شینواری نے بتایا کہ ایونٹ کا انعقاد پاکستان فل کنٹیکٹ کراٹے فیڈریشن کے صدر، ورلڈ کراٹے آرگنائزیشن ایشیا کے بورڈ ممبر اور کراٹے لیجنڈ شیھان محمد ارشد جان کی نگرانی میں کیا گیا۔

 

انہوں نے کہا کہ شیھان محمد ارشد جان کی قیادت میں پاکستان میں فل کنٹیکٹ کراٹے کو منظم انداز میں فروغ دیا جا رہا ہے، جبکہ بین الاقوامی مقابلوں کے لیے لاہور ہیڈکوارٹر میں اوپن ٹرائلز بھی منعقد کیے جاتے ہیں، جن میں ضلع خیبر کے کھلاڑیوں کو شرکت کا موقع دیا جاتا ہے۔