خیبرپختونخوا کے ضلع بٹگرام کی تحصیل آلائی میں جنگل کی ملکیت کے دیرینہ تنازع پر دو قبائل کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ تحصیل آلائی کے علاقے بلیجہ جنگل میں پیش آیا، جہاں آلائی کی قوم گیلال اور کوہستان کی قوم کلوچ کے مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
فائرنگ کے نتیجے میں قوم گیلال کے 4 جبکہ قوم کلوچ کے 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بٹگرام قمر حیات خان نے واقعے میں 4 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بلیجہ جنگل کی ملکیت کا تنازع دونوں قبائل کے درمیان کئی دہائیوں سے چلا آ رہا ہے، جس کے حل کے لیے ماضی میں کی جانے والی مصالحتی کوششیں بھی کامیاب نہیں ہوسکیں۔
واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پائی جاتی ہے، جبکہ پولیس اور انتظامیہ نے صورتحال پر قابو پانے اور مزید تصادم کی روک تھام کے لیے اقدامات شروع کردیے ہیں۔
