مشیر اوقاف مولانا طیب قریشی کی ہدایت پر سکھ یاتریوں کو مقدس مقامات کی زیارت کے لیے خصوصی ٹرانسپورٹ فراہم کرتے ہوئے 9 بسیں بروز ہفتہ  روانہ کر دی گئیں۔

 

سکھ یاتری ان بسوں کے ذریعے گوردوارہ پنجہ صاحب، گوردوارہ سچا سودا، گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور اور ننکانہ صاحب جائیں گے۔

 

اس موقع پر مولانا طیب قریشی نے کہا کہ سکھ برادری سمیت تمام اقلیتی برادریوں کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور باہمی احترام کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

 

مشیر اوقاف کے مطابق خیبر پختونخوا میں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے مذہبی حقوق کا احترام کیا جاتا ہے اور اقلیتی برادریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے۔ ایسے اقدامات سے مذہبی رواداری اور سماجی ہم آہنگی کو مزید فروغ ملے گا۔