خیبرپختونخوا کے 12 نامزد اضلاع میں غیر حاضر 1916 اساتذہ کے خلاف محکمانہ کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نامزد اضلاع یحییٰ اخونزادہ کی زیرصدارت اجلاس میں متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو غیر حاضر اساتذہ سے تین روز میں تحریری وضاحت طلب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 

سرکاری رپورٹ کے مطابق غیر حاضر اساتذہ میں 1042 خواتین اور 874 مرد شامل ہیں۔ شمالی وزیرستان میں سب سے زیادہ 419 اساتذہ غیر حاضر پائے گئے، جبکہ بنوں میں 348، جنوبی وزیرستان اپر میں 243، ڈیرہ اسماعیل خان میں 204 اور لکی مروت میں 150 اساتذہ کی غیر حاضری رپورٹ ہوئی۔

 

اسی طرح ضلع کرم میں 130، خیبر میں 114، باجوڑ میں 88، مہمند میں 70، اورکزئی میں 66، ٹانک میں 52 اور جنوبی وزیرستان لوئر میں 32 اساتذہ غیر حاضر پائے گئے۔

رپورٹ کے مطابق غیر حاضر اساتذہ میں 620 پرائمری اسکول ٹیچرز (PST)، 288 پرائمری اسکول ہیڈ ٹیچرز (PSHT)، 153 سی ٹی اور 121 ایس ایس ٹی جنرل اساتذہ بھی شامل ہیں۔