پشاور میں شادی کی تقریبات کے دوران ہوائی فائرنگ کرنے کے خلاف پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 5 دولہے سمیت 14 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

 

پشاور: سی سی پی او پشاور کے واضح احکامات اور زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت شادی بیاہ کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ پولیس نے تھانہ چمکنی، بڈھ بیر، ارمڑ اور انقلاب کی حدود میں فوری کارروائیاں کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ میں ملوث 14 افراد کو گرفتار کیا، جن میں 5 دولہے بھی شامل ہیں۔

 

گرفتار ملزمان میں مسلم، ثناء اللہ، نظام، جمشید علی، حضرت نبی، حسن خان، کاشف، نعیم خان، محمد حسین، بصیر خان، محمد حمزہ اور عبید شامل ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ہوائی فائرنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا ہے۔

 

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ پشاور پولیس نے واضح کیا ہے کہ شادی کی خوشیاں منانے کے نام پر دوسروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا کا سامنا کرنا ہوگا۔