پاکستان کی سینئر اداکارہ غزالہ جاوید نے شوبز انڈسٹری کے بدلتے ماحول، فنکاروں کے رویوں اور سینئرز کو درپیش مسائل پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

 

ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے غزالہ جاوید نے اپنے پی ٹی وی کے دور کو یاد کیا اور کہا کہ اب انہوں نے شوبز میں کام کافی کم کردیا ہے۔ ان کے مطابق وہ صرف ایسی پروڈکشن ٹیموں کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہیں جہاں فنکاروں کو عزت دی جائے، ورنہ کام کرنے سے گریز کرتی ہیں۔

 

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انڈسٹری میں سینئر فنکاروں کے احترام کی روایت کم ہوتی جارہی ہے۔ اب ایسے لوگوں کے نخرے بھی برداشت کیے جاتے ہیں جو اپنے کام میں سنجیدہ نہیں ہوتے، جبکہ جتنا کوئی بدتمیز ہوگا، اتنا ہی مقبول ہوتا دکھائی دے گا۔

 

غزالہ جاوید نے شوٹنگ کے دوران وقت کی پابندی نہ ہونے پر بھی ناراضگی ظاہر کی۔ ان کے مطابق سینئر فنکار وقت پر سیٹ پہنچ جاتے ہیں، لیکن بعض جونیئر اور ڈراموں کے مرکزی کردار ادا کرنے والے فنکار انہیں گھنٹوں انتظار کرواتے ہیں۔