خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ کے علاقے نظام پور، امان پورہ میں دریائے سندھ کے کنارے غیرقانونی گولڈ مائننگ کے خلاف پولیس، محکمہ معدنیات اور ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ گرینڈ آپریشن کیا، جس کے دوران 237 ٹھکانے مسمار کر دیے گئے۔

آپریشن کے دوران 170 پلانٹس، 2 ہوٹل، 6 ڈمپر، 5 ٹریکٹر ٹرالیاں، 15 جنریٹر، 17 ایکسکیویٹرز اور 3 موٹر سائیکلوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ کارروائی میں ایک ہیوی مشین گن، ایک کلاشنکوف، 3 رائفلیں، 2 بندوقیں اور مختلف بور کے سینکڑوں کارتوس بھی برآمد کیے گئے، جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔

ذرائع کے مطابق آپریشن سے قبل علاقے کو چاروں اطراف سے سیل کیا گیا تھا۔ کارروائی کے دوران قتل کے مقدمات میں انتہائی مطلوب 4 اشتہاری مجرمان کے گھروں کی تلاشی لی گئی، جبکہ 3 سہولت کاروں سمیت مزید 19 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ مسمار کیے گئے ٹھکانے غیرقانونی گولڈ مائننگ کے لیے استعمال ہونے والے سازوسامان کی جگہیں تھیں۔
