خیبرپختونخوا پولیس کی آپریشنل استعداد بڑھانے کے لیے مختلف اضلاع کو جدید گاڑیاں، بلٹ پروف اے پی سیز، لفٹرز اور موٹر سائیکلیں فراہم کردی گئی ہیں۔
سینٹرل پولیس آفس کے مطابق ٹانک، ہنگو اور سوات پولیس کو ڈریگون اے پی سیز جبکہ اپر دیر اور مانسہرہ پولیس کو دیگر اے پی سیز فراہم کی گئی ہیں۔ کوہاٹ اور تورغر پولیس کو بھی جدید گاڑیاں دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: رشتہ ختم ہونے کے بعد ہماری روایات لڑکے اور لڑکی کی زندگی کو کس طرح متاثر کرتی ہیں؟
مردان، سوات، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، ایبٹ آباد اور ٹیلی کمیونیکیشن کو ہائی ایس وینز فراہم کی گئی ہیں، جبکہ مختلف اضلاع اور یونٹس میں 33 لفٹرز اور 25 موٹر سائیکلیں تقسیم کی گئی ہیں۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے مطابق لفٹرز ٹریفک مینجمنٹ اور غیر قانونی پارکنگ کے خاتمے میں مددگار ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کے پی پولیس کی 84 اے پی سیز کی اپ گریڈیشن جاری ہے اور انہیں جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جا رہا ہے، جبکہ پولیس موبائلز کی سائیڈ آرمینگ بھی کی گئی ہے۔
آئی جی نے کہا کہ جدید گاڑیوں اور آلات کی فراہمی سے پولیس کی آپریشنل استعداد بہتر ہوگی اور امن و امان کے قیام کے لیے پولیس کو جدید وسائل سے لیس کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق عوام کو بروقت اور معیاری پولیس سروسز کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
