کیا روایت کے نام پر کسی لڑکے یا لڑکی کا مستقبل محدود کرنا درست ہے؟ پاکستان کے بعض قبائلی علاقوں میں رشتہ ختم ہونے کے بعد لڑکے اور لڑکی کو سماجی دباؤ اور مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ بعض روایات ان کے مستقبل کے فیصلوں پر بھی اثر انداز ہوتی ہیں۔
پاکستان کے بعض قبائلی علاقوں اور افغانستان کے کچھ علاقوں، خصوصاً پکتیا، میں آج بھی ایسی روایات موجود ہیں جو منگنی یا طے شدہ رشتہ ختم ہونے کے بعد لڑکے اور لڑکی کی زندگی کو متاثر کرتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: راولپنڈی: پولیس کی جوابی فائرنگ میں جاں بحق ہونے والا شخص پی ٹی آئی کارکن نکلا، عطاء تارڑ
ان روایات کو عموماً خاندان، عزت اور قبائلی رسم و رواج کے تناظر میں نبھایا جاتا ہے، تاہم بعض صورتوں میں ان کے اثرات فرد کی تعلیم، روزگار، سماجی زندگی اور مستقبل کے فیصلوں تک پہنچ جاتے ہیں۔
ہمارے معاشرے میں بعض اوقات لڑکے اور لڑکی کے رشتے کم عمری میں ہی طے کر دیے جاتے ہیں۔ خاندان باہمی رضامندی سے یہ فیصلہ کر لیتے ہیں کہ فلاں کی بیٹی فلاں کے بیٹے کے لیے ہوگی، جبکہ اس وقت دونوں اس عمر میں نہیں ہوتے کہ اپنی پسند، ناپسند یا مستقبل کے بارے میں خود فیصلہ کر سکیں۔

وقت کے ساتھ جب وہ بڑے ہوتے ہیں، تعلیم حاصل کرتے ہیں اور زندگی کو بہتر طور پر سمجھنے لگتے ہیں تو ان کی رائے تبدیل ہو سکتی ہے۔ ممکن ہے لڑکا یا لڑکی یہ محسوس کرے کہ یہ رشتہ اس کے لیے مناسب نہیں یا وہ اپنی زندگی کے بارے میں کوئی اور فیصلہ کرنا چاہتا ہے۔ ایسے میں سوال پیدا ہوتا ہے کہ بالغ ہونے کے بعد اپنی زندگی کے بارے میں رائے رکھنے کے حق کو کس طرح اہمیت دی جائے۔
بعض قبائلی روایات میں رشتہ ختم ہونے کے بعد جرگے کے ذریعے یہ فیصلہ کیا جاتا ہے کہ لڑکا یا لڑکی اپنے ہی خاندان، قبیلے یا علاقے میں دوبارہ شادی نہیں کر سکتا۔
جرگے کی صورتحال علاقے اور معاملے کے مطابق مختلف ہو سکتی ہے۔ بعض اوقات ننواتی کی جاتی ہے، جس میں دنبہ، رقم یا دوسری چیزیں دی جاتی ہیں۔ اگر منگنی کے دوران سونا یا دیگر اخراجات ہوئے ہوں تو ان کی واپسی کا معاملہ بھی سامنے آتا ہے۔

تاہم، مسئلہ صرف ان معاملات تک محدود نہیں رہتا۔ رشتہ ختم ہونے کے بعد خاندانوں کے درمیان اختلافات، سماجی دباؤ اور مستقبل میں شادی کے امکانات بھی متاثر ہوتے ہیں۔
ان حالات کا اثر لڑکے اور لڑکی دونوں پر پڑتا ہے، تاہم بعض صورتوں میں لڑکیوں کے لیے مشکلات زیادہ سخت ہوتی ہیں۔ تعلیم جاری رکھنے، ملازمت کرنے، خاندان اور معاشرے میں معمول کی زندگی گزارنے یا دوبارہ شادی کرنے میں رکاوٹیں پیدا ہوتی ہیں۔ انہیں لوگوں کے سوالات، تبصروں اور سماجی دباؤ کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔
یہ سوال اہم ہے کہ اگر ایک رشتہ ختم ہو جائے تو اس کے اثرات کسی لڑکے یا لڑکی کی پوری زندگی تک کیوں پہنچیں؟ اگر بالغ ہونے کے بعد دونوں میں سے کوئی ایک یہ سمجھتا ہے کہ وہ اس رشتے میں خوش نہیں رہ سکتا تو اس کی رائے کو بھی اہمیت ملنی چاہیے۔
شادی انسان کی زندگی کا اہم فیصلہ ہے اور اس میں لڑکے اور لڑکی دونوں کی رضامندی بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ والدین اپنی اولاد کے لیے بہتر مستقبل چاہتے ہیں، لیکن ان کی خیرخواہی کے ساتھ ساتھ اولاد کی اپنی رائے اور مستقبل کے فیصلوں کو بھی اہمیت دینا ضروری ہے۔ یہ حق بیٹے اور بیٹی دونوں کے لیے یکساں ہونا چاہیے۔

اکثر کہا جاتا ہے کہ "ماں باپ کی رضا ہی بیٹی کی رضا ہوتی ہے۔" والدین کا تجربہ اور مشورہ یقیناً اہم ہے، لیکن مشورے اور رضامندی میں فرق ہے۔ کسی کی زندگی کا فیصلہ کرتے وقت اس فرد کی اپنی رائے کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔
اسلام میں نکاح کے لیے رضامندی کو اہمیت حاصل ہے۔ اس لیے منگنی یا رشتہ ختم ہونے کے بعد کسی لڑکے یا لڑکی کی تعلیم، روزگار، آزادی یا مستقبل میں شادی کے امکانات کو غیر ضروری طور پر محدود کرنا ایک ایسا معاملہ ہے جس پر معاشرتی اور دینی تناظر میں غور کرنے کی ضرورت ہے۔ ثقافتی روایات اپنی جگہ اہم ہیں، لیکن ہر روایت کو مذہبی حکم سمجھنا درست نہیں۔

پشتون معاشرے میں بہت سی ایسی روایات موجود ہیں جو خاندانوں کو جوڑتی ہیں، باہمی احترام کو فروغ دیتی ہیں اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دینے کا جذبہ پیدا کرتی ہیں۔ تاہم، معاشرے کے بدلتے حالات کے ساتھ بعض روایات پر نظرثانی کی گنجائش بھی موجود رہتی ہے، خاص طور پر جب ان کے اثرات افراد کے مستقبل اور بنیادی حقوق پر پڑیں۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ روایت اور فرد کے حق کے درمیان توازن پیدا کیا جائے۔ کسی ثقافت یا روایت کو ختم کرنا مقصد نہیں، بلکہ یہ دیکھنا ضروری ہے کہ اس پر عمل کرتے ہوئے کسی فرد کی زندگی کے اہم فیصلے غیر ضروری طور پر محدود نہ ہوں۔
منگنی یا رشتہ ختم ہونا یقیناً ایک مشکل مرحلہ ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہونا چاہیے کہ لڑکے یا لڑکی کے خواب، تعلیم، روزگار اور مستقبل کے امکانات بھی محدود ہو جائیں۔ ایسے معاملات کو باہمی احترام، سمجھ بوجھ اور رضامندی کے ساتھ حل کرنے کی کوشش ہونی چاہیے۔
روایات معاشرے کی شناخت کا حصہ ہوتی ہیں، لیکن وقت کے ساتھ ان پر مکالمہ بھی ضروری ہے۔ جو روایات خاندانوں اور معاشرے میں احترام اور تعلقات کو مضبوط کرتی ہیں، انہیں برقرار رکھتے ہوئے ان پہلوؤں پر بھی غور کیا جا سکتا ہے جو نوجوانوں کی زندگی اور مستقبل پر منفی اثر ڈالتے ہیں۔
آخرکار، کسی رشتے کا ختم ہونا زندگی کا اختتام نہیں۔ ضروری ہے کہ ایسے معاملات میں خاندانوں کی عزت اور روایات کا احترام برقرار رکھتے ہوئے لڑکے اور لڑکی کی رضامندی، عزت اور مستقبل کو بھی اہمیت دی جائے۔
نوٹ: یہ تحریر مصنف کی ذاتی رائے پر مبنی ہے، جس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔
