راولپنڈی کے مال روڈ پر فائرنگ کرنے والے شخص کو سیکیورٹی فورسز نے ہلاک کردیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک شخص کی شناخت محمد حسین کے نام سے ہوئی ہے جو ضلع خیبر کا رہائشی تھا اور پی ٹی آئی کا سرگرم رکن تھا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک شخص کے قبضے سے پی ٹی آئی کا پارٹی پرچم، اسلحہ، گولیاں اور اہم دستاویزات برآمد ہوئی ہیں، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: ورلڈکپ 2027 کی دوڑ میں ویسٹ انڈیز کو ایک اور امتحان کا سامنا
واقعے پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکن کی جانب سے سیکیورٹی اہلکار پر فائرنگ کا کوئی جواز نہیں، مسلح ہوکر دن دیہاڑے فائرنگ قابلِ مذمت ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج ہمیشہ تشدد اور اسلحے کے واقعات سے جڑے رہے ہیں اور آج کے واقعے سے بھی بہت سی چیزیں سامنے آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکن سے پارٹی کا جھنڈا اور دیگر دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں۔
وفاقی وزیر نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی ملک میں انارکی اور امن و امان کی صورتحال خراب کرنا چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ترقی کرتا رہے گا اور ملک و عوام کو ہر محاذ پر کامیابی حاصل ہوگی۔
