خیبرپختونخوا حکومت نے بی ایس طلبہ اور گریجویٹس کے لیے 3 ماہ پر مشتمل پیڈ انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت ہر انٹرن کو ماہانہ 25 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا۔
سرکاری مراسلے کے مطابق پروگرام مکمل طور پر صوبائی حکومت کے فنڈز سے چلایا جائے گا، جبکہ انٹرنز کو سرکاری محکموں، جامعات اور دیگر متعلقہ اداروں میں عملی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ ان کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ ہو اور روزگار کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔
یہ بھی پڑھیے: ماں کو بچا لیا، مگر دوسری بار دریا میں اترنے والا نوجوان موجوں کی نذر ہو گیا
حکومت نے تمام انتظامی سیکریٹریز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ محکموں میں انٹرن شپ کے مواقع یقینی بنائیں، انٹرن شپ نشستیں مختص کریں اور ہر محکمے میں ایک فوکل پرسن نامزد کریں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام محکمے انٹرن شپ کے دستیاب مواقع کی تفصیلات 15 روز کے اندر فراہم کریں، جبکہ پروگرام کی نگرانی اور شفاف عمل درآمد کے لیے ایک مرکزی ڈیٹا بیس بھی قائم کیا جائے گا۔
