سہیل دانش
خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر دیر تیمرگرہ کے علاقے شینگرئی سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور نوید الرحمان کو 15 سالہ بچی کو دریائے پنجکوڑہ میں ڈوبنے سے بچانے کی کوشش کے دوران جان کی بازی ہارنے کے بعد آبائی علاقے میں سپردِ خاک کر دیا گیا، جبکہ بچی کی تلاش تاحال جاری ہے۔
ریسکیو 1122 لوئر دیر کے مطابق تین روز قبل تیمرگرہ کے زُلم پل کے قریب ایک 15 سالہ بچی دریائے پنجکوڑہ میں گر گئی۔ بچی کو بچانے کے لیے اس کی والدہ بھی فوراً دریا میں کود گئیں، تاہم وہ بھی تیز بہاؤ میں پھنس گئیں۔
اسی دوران موقع پر موجود نوید الرحمان نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دریا میں چھلانگ لگا دی۔ انہوں نے پہلی کوشش میں بچی کی والدہ کو بحفاظت باہر نکال لیا، تاہم دوسری بار بچی کو بچانے کے لیے دریا میں اترنے پر خود تیز بہاؤ کی نذر ہو گئے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق امدادی ٹیموں نے مسلسل تین روز تک سرچ آپریشن جاری رکھا، جس کے بعد غرشموزئی بوساق کے مقام سے نوید الرحمان کی لاش برآمد کر لی گئی۔ لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کی گئی، جہاں انہیں آبائی علاقے میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ 15 سالہ بچی کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔
