خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 22 خوارج ہلاک ہوگئے۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 16 اور 17 نومبر کو جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا گیا، جس کے دوران خوارج کے ایک ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔

 

بیان کے مطابق بنوں میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران خوارج کی پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں 6 خوارج ہلاک ہوئے، جبکہ ٹانک میں ایک کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران ہلاک ہونے والوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ علاقے میں باقی ماندہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔