خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں زیتون سے تیل نکالنے کے لیے جدید پروسیسنگ یونٹ قائم کر دیا گیا ہے، جس کے ذریعے اب تک 3500 لیٹر زیتون کا تیل تیار کیا جا چکا ہے۔
محکمہ زراعت خیبرپختونخوا نے مقامی زیتون کی پیداوار کو فروغ دینے اور کاشتکاروں کو سہولت دینے کے لیے ایگریکلچر ٹریننگ سینٹر باڑہ میں 200 کلوگرام فی گھنٹہ صلاحیت کا حامل آئل ایکسٹریکشن یونٹ نصب کیا ہے۔
یونٹ کا افتتاح ڈائریکٹر جنرل زراعت خیبرپختونخوا مراد علی، ڈائریکٹر جنرل زراعت خصوصی اضلاع محمد نوید خان، ضلع خیبر کے ڈائریکٹر زراعت ضیاء الاسلام داوڑ اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر باڑہ نے کیا۔

ضیاء الاسلام داوڑ کے مطابق یونٹ کے ساتھ 35 کے وی اے جنریٹر، جدید فلٹرز اور دیگر ضروری آلات بھی فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ زمینداروں کو زیتون سے تیل نکالنے کی سہولت مفت دی جا رہی ہے تاکہ انہیں پروسیسنگ کے اضافی اخراجات برداشت نہ کرنا پڑیں۔
ضلع خیبر میں مجموعی طور پر 415 ایکڑ رقبے پر زیتون کے باغات قائم ہیں، جن میں تقریباً 50 فیصد تحصیل باڑہ میں واقع ہیں۔ زیتون کی کاشت اکاخیل، سپاہ، قمبر زاو اور شین درنگ کے علاوہ جمرود کے غنڈی، شاہ کس، جلال الدین اور ملاگوری جبکہ لنڈی کوتل کے شلمان اور ملحقہ علاقوں میں بھی کی جا رہی ہے۔
