علی افضل
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی مداخلت پر ضلع کرم کے تمام نادرا دفاتر 16 روز بعد دوبارہ کھول دیے گئے، جس کے بعد شناختی کارڈ، ب فارم اور دیگر دستاویزات سے متعلق خدمات بحال ہوگئی ہیں۔
گورنر ہاؤس ذرائع کے مطابق گورنر فیصل کریم کنڈی نے عوام کو بروقت سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈی جی نادرا کو دفاتر فوری کھولنے کی ہدایت کی، جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے ضلع کرم کے تمام نادرا دفاتر دوبارہ فعال کر دیے گئے۔
یہ بھی پڑھیے: دہشت گردی کے خدشات، خیبرپختونخوا پولیس کے لیے سیکیورٹی ہائی الرٹ جاری
نادرا ذرائع کے مطابق دفاتر وسطی کرم کے علاقے تڑالئ میں نادرا ٹیم کی گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے کے بعد احتجاجاً بند کیے گئے تھے۔
پولیس کے مطابق حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم نادرا کی گاڑی کو نقصان پہنچا تھا۔
سماجی رہنما آغا مزمل حسین کے مطابق 16 روز تک دفاتر بند رہنے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شناختی کارڈ، ب فارم اور دیگر دستاویزات کے حصول کے لیے لوگ روزانہ دفاتر کے چکر لگاتے رہے، مگر انہیں خدمات میسر نہ آسکیں۔
نادرا دفاتر دوبارہ کھلنے کے بعد ضلع کرم میں شناختی دستاویزات سے متعلق تمام معمول کی خدمات کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
