پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور کے 19 معروف بازاروں کی تزئین و آرائش کا منصوبہ تیار کر لیا ہے، جبکہ شہر کے اہم چوکوں میں ٹریفک نظام بہتر بنانے، سیف سٹی منصوبے اور ہر یونین کونسل میں ماڈل اسٹریٹ بنانے کی تجویز بھی زیرِ عمل لانے کی تیاری ہے۔

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا ثمر ہارون بلور کے مطابق مینا بازار، رامداس سمیت دیگر تجارتی مراکز کی تزئین و آرائش کی جائے گی، بازاروں میں لٹکتی بجلی کی تاریں ختم کرنے اور فائبر گلاس کی چھتیں نصب کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے، جبکہ بجلی کی تاریں چھتوں کے اوپر منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ انم صنم چوک، کوہاٹی گنج اور نشتر آباد سمیت اہم چوکوں کی تزئین و آرائش کے ساتھ ٹریفک نظام بہتر بنایا جائے گا، جبکہ بازاروں میں حکومت اور تاجر برادری کے اشتراک سے سیف سٹی منصوبے کے تحت کیمرے نصب اور آگ سے بچاؤ کے آلات فراہم کیے جائیں گے۔

ثمر ہارون بلور نے بتایا کہ پشاور کی ہر یونین کونسل میں تجرباتی بنیادوں پر ایک ماڈل اسٹریٹ بنائی جائے گی اور منصوبے کی کامیابی کے بعد اس کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔ دلیپ کمار اور راج کپور کے تاریخی گھروں کی بحالی اور تزئین و آرائش بھی منصوبے میں شامل ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ پشاور کے مختلف علاقوں میں گیس کی قلت دور کرنے کے لیے بڑے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں، جن کے اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔ بجلی اور گیس کی رائلٹی کا معاملہ گورنر خیبر پختونخوا نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم کے سامنے اٹھایا، جس پر وزیراعظم نے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔

 

مشیر اطلاعات کے مطابق پشاور میں ایک لاکھ 10 ہزار رکشے موجود ہیں، جن میں سے صرف 30 ہزار رجسٹرڈ ہیں۔ پولیس اہلکاروں کی مراعات میں اضافے سے متعلق سفارشات پر مشتمل سمری محکمہ قانون میں تیار کی جا رہی ہے، جس پر جلد عمل درآمد ممکن ہو سکے گا۔