چارسدہ: خیبرپختونخوا کی مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے الزام عائد کیا ہے کہ سابق صوبائی حکومت کے دور میں صوبے کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی سونے کی کان کنی جاری تھی اور اس سے حاصل ہونے والی رقم کا بڑا حصہ دہشت گردی میں استعمال ہوتا رہا۔
چارسدہ پریس کلب میں پریس بریفنگ کے دوران ثمر ہارون بلور نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے امن و امان پر توجہ نہیں دی اور اسے اپنی حکومت کے خاتمے کا اندازہ تھا۔ ان کے مطابق گورنر راج اور ایمرجنسی سے پہلے سابق حکومت نے صوبائی خزانہ خالی کر دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جب موجودہ حکومت نے ذمہ داریاں سنبھالیں تو صوبائی محکمہ اطلاعات کے پاس صرف 10 لاکھ روپے کے فنڈز موجود تھے، جبکہ دیگر محکموں سے بھی فنڈز نکالے گئے تھے۔
ثمر بلور نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وسائل اور معدنیات پر پہلا حق صوبے کے عوام کا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے بھائی نوید آفریدی اور دیگر افراد غیر قانونی سونے کی کان کنی میں ملوث تھے اور اس سرگرمی سے حاصل ہونے والی 80 فیصد رقم دہشت گردی میں استعمال ہو رہی تھی۔
ان کے مطابق سابق صوبائی حکومت کی نگرانی میں صوبے کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی گولڈ مائننگ جاری رہی۔ انہوں نے کہا کہ 11 نومبر کو کوہاٹ پولیس نے پی ٹی آئی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف آپریشن کیا تھا، جس کے دوران واپسی پر پولیس پر حملہ ہوا۔
ثمر ہارون بلور نے الزام لگایا کہ حملہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے پی ٹی آئی کی ایماء پر کیا، جبکہ ٹی ٹی پی نے کوہاٹ پولیس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ کوہاٹ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف آپریشن کے دوران ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار شہید ہوئے، جبکہ اب تک غیر قانونی گولڈ مائننگ میں استعمال ہونے والے چار مقامات کلیئر کیے جا چکے ہے
