پاکستان اپنے پہلے انسانی خلائی مشن کے لیے ایک اہم سنگِ میل کے قریب پہنچ گیا ہے۔ چین کے شین ژو 24 مشن کے ذریعے ایک پاکستانی خلا باز تیانگونگ خلائی اسٹیشن کا سفر کرے گا۔ پاکستانی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال نے اس مشن کے لیے 25 نومبر 2026 کی تاریخ بتائی ہے، تاہم چینی خلائی ادارے نے تاحال حتمی تاریخ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا۔

 

پاکستان کے خلائی ادارے سپارکو کے دو امیدواروں محمد ذیشان علی اور خرم داؤد نے چین میں خلائی تربیت مکمل کر لی ہے۔ ان دونوں میں سے ایک کو مشن کے لیے منتخب کیا جائے گا، جو بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ خلائی اسٹیشن پر سائنسی تجربات میں حصہ لے گا، جبکہ دوسرا امیدوار متبادل کے طور پر موجود ہوگا۔

اس مشن کے ذریعے منتخب پاکستانی خلا باز چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بنیں گے۔ مشن کے لوگو میں پاکستان کے قومی پھول چنبیلی کو بھی شامل کیا گیا ہے، جو دونوں ممالک کے خلائی تعاون کی علامت ہے۔